وزیراعلی بلوچستان کا سوشل میڈیا پرشادی شدہ جوڑے کے مبینہ قتل کی وائرل ویڈیو پر فوری ایکشن،واقعہ کا مقدمہ درج، مشتبہ قاتل گرفتار

پیر 21 جولائی 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر شادی شدہ جوڑے کے مبینہ قتل کے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر واقعہ سے متعلق بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عید سے چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئی ،ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس گھناؤنے جرم پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی جس پر ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اورقتل میں ملوث ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وحشیانہ واقعے پر قانون اپنا راستہ لے گا ،انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیس کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جا سکے۔