جنرل اسمبلی: اقوام متحدہ میں اصلاحات لانے کے حق میں قرارداد منظور

یو این پیر 21 جولائی 2025 00:00

جنرل اسمبلی: اقوام متحدہ میں اصلاحات لانے کے حق میں قرارداد منظور

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ادارے کے نظام کو مضبوط اور مزید باترتیب بنانے کے لیے سیکرٹری جنرل کے اقدام 'یو این 80' کی توثیق کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔

یہ قرارداد روس نے پیش کی جسے رائے شماری کے بغیر منظور کیا گیا۔ اس میں اقوام متحدہ کو بدلتی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ اقوام متحدہ کے اداروں کو ان کوششوں کے مطابق اصلاحات لانے کے لیے کہا گیا ہے۔

قرارداد میں اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاحات کے لیے رکن ممالک کے مرکزی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس عمل کو مشمولہ اور شفاف ہونا چاہیے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ 'یو این 80' کے تحت واضح طور پر متعین مقاصد اور شواہد پر مبنی طریقہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکرٹری جنرل کی تجاویز کا انتظار ہے تاکہ اقوام متحدہ کے کام کے اثرات کو بہتر اور ادارے کو مزید مستعد، مؤثر اور مستحکم بنایا جا سکے اور اقدامات کی تکرار کے مسئلے سے نمٹتے ہوئے اس معاملے میں ادارےکے تینوں کاموں کے موثر نتائج سامنے آئیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل نے اس اقدام کو رواں سال مارچ میں متعارف کرایا تھا جس میں ادارے کی عملی استعداد کو بہتر بنانے، رکن ممالک کی جانب سے اہم کاموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور ادارے کے نظام میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات کے لیے کام کرنے کو ترجیح دی گئی ہے۔

قرارداد کے وقت پر اعتراض

متعدد ممالک کے مندوبین نے اصلاحات سے متعلق کوششوں کی حمایت کی لیکن قرارداد کے وقت پر سوالات بھی اٹھائے گئے۔

ڈنمارک کے سفیر نے یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ کار قبل از وقت ہے اور اس کے لیے غیرضروری عجلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ مشاورت کے لیے محدود وقت کے باعث ایسے اقدام کے لیے تعمیری رابطے نہیں کیے جا سکے۔

سی اے این زیڈ گروپ (کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ) کی جانب سے بات کرتے ہوئے آسٹریلیا کے سفیر نے خبردار کیا کہ قبل از وقت پیش کردہ قرارداد سے آئندہ تجاویز کے امکانات اور عزائم محدود رہنے کا خدشہ ہے۔

سوئرزلینڈ کے سفیر نے آئس لینڈ، ناروے اور لیکٹینسٹائن کی نمائندگی کرتے ہوئے واضح کیا کہ اصلاحات پرعزم اور تزویراتی ہونی چاہئیں جن کی بنیاد موجودہ اثاثوں پر ہو جبکہ ان کے ذریعے استعداد کار میں طویل مدتی بہتری یقینی بنائی جائے۔

جاپان نے کثیرفریقی نظام سے اپنی وابستگی کو واضح کرتے ہوئے کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے کام کو نئے سرے سے بہتر بنانے کی ہنگامی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

'یو این 80' کی کامیابی کا دارومدار رکن ممالک کی مشترکہ اور تکمیلی ذمہ داریوں پر ہو گا۔

رکن ممالک کا اختیار

روس کے سفیر نے جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے اس اعتراض کو مسترد کیا کہ قرارداد عجلت میں پیش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرارداد پیش کرنے سے پہلے اس پر مشاورت کے کئی دور ہوئے اور مندوبین کے اعتراضات کو بھی مدنظر رکھا گیا جو خاموش عمل کے دوران سامنے آئے۔

یہ عمل مندوبین کو قرارداد کے مسودے پر اعتراضات کے اظہار یا اسے رسمی منظوری کے لیے پیش کرنے سے قبل اس پر فیصلہ کرنے کا موقع دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے ذریعے رکن ممالک کو اصلاحاتی عمل کا محرک بنایا گیا ہے جبکہ سیکرٹری جنرل کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اعلیٰ ترین انتظامی افسر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کامیابی سے موجودہ اور مستقبل کے تقاضوں پر پورا اترے۔ قرارداد کی مںظوری اس اقدام کی عالمگیر حمایت یقینی بنانے میں نہایت اہم قدم ہے۔