امریکی کمپنیوں کا ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی وفد کی ملاقات،فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے، پاکستان سے اینٹیمونی ، تانبا، سونا، ٹنگسٹن ایکسپورٹ ہوگا، معاہدہ روزگار ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کا ضامن ہوگا۔اعلامیہ وزیراعظم آفس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 ستمبر 2025 20:48

امریکی کمپنیوں کا ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 08 ستمبر 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں امریکی کمپنیوں کے وفد نے ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے۔ اعلامیہ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے وزیراعظم ہاؤس میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔

امریکی کمپنی پاکستان میں طویل المدتی شراکت داری کی خواہاں ہے، امریکی وفد کا دورہ اوریہ معاہدہ ، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی نئی مثال ہے۔ ملاقات میں امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں کان کنی ، انفراسٹرکچر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے تانبے ، سونے اور دوسری معدنیات کے ذخائر پر امریکی وفد کو بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دو اہم ایم اویوز پر دستخط ، معدنیات اور لاجسٹکس شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ این ایل سی اور دوسری امریکی کمپنی کے درمیان لاجسٹکس اور تعمیرات پر ایم اویوز پر دستخط ہوئے۔ ایف ڈبلیو اور امریکی کمپنی کے درمیان کریٹیکل منرلزپر تاریخی معاہدہ ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان سے اینٹیمونی ، تانبا، سونا، ٹنگسٹن ایکسپورٹ ہوگا۔ امریکی کمپنی پاکستان میں جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کرے گا۔ امریکی کمپنیوں نے ابتدائی مرحلے میں 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ یہ معاہدہ روزگار ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کا ضامن ہوگا۔