اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال كا دھان فیز ٹو کے حوالے سے مختلف گائوں کا دورہ

پیر 21 جولائی 2025 12:05

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے دھان فیز ٹو کے حوالے سے مختلف گائوں کا دورہ کیا اور تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ۔سینئر فیلڈ آفیسر لیاقت محکمہ زراعت سمبڑیال کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال نے گائوں سارنکے ، جیٹھیکے ، دھامیاں، گھمن والی، کوٹلی کھوکھران، کوٹ دینا اور ڈھڈووال کا دورہ کیا اور تربیتی پروگرام رائس ٹو کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر کسانوں نےدلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کسانوں کے ساتھ چاول کی پیداواری ٹیکنالوجی پر تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے کسانوں کو زمین کی زرخیزی کو بہتر بنانے کے لئے مٹی میں دفن فصلوں کی باقیات کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر پابندی عائد کررکھی ہے ، کسان باقیات کونہ جلائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 15 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے جرمانہ یا سزا ہوسکتی ہے۔

اس موقع پر انہوں نےاپنے فیلڈ سٹاف کو ہدایت دی کہ کسانوں کو مناسب کھادیں اور زنک استعمال کرنے کی آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں بارشوں سے کوئی فصل یا چارہ ابھی تک خراب نہیں ہوا اور یہاں سے گزرنے والا نالہ پلکھو معمول کے مطابق چل رہا ہے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے کھاد ڈیلروں کو بھی چیک کیا ہر ڈیلر کے پاس کھاد کا وافر سٹاک موجود تھا۔