لاہور،تجاوزات کےخلاف بلاتفریق آپریشن جاری ، چوبیس گھنٹوں میں 24 ٹرک سامان ضبط

پیر 21 جولائی 2025 16:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف منظم اور شفاف انداز میں آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ضلعی انتظامیہ کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 24 ٹرک سامان ضبط کیا گیا، سمن آباد، گلشن راوی اور سبزہ زار سمیت متعدد علاقوں سے مستقل اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، ان اقدامات کا مقصد نہ صرف عوام کو کھلی اور وسیع سڑکوں تک رسائی دینا ہے بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی کو بحال کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے ساتھ ساتھ بصری آلودگی کے خلاف بھی مہم جاری ہے جس سے شہر کی جمالیاتی شناخت میں بہتری آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور کو تجاوزات سے مکمل پاک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کے لیے ڈی سی لاہور نے تمام متعلقہ افسران کو ہر علاقے میں بھرپور چیکنگ کی ہدایت کی ہے۔