پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں ’’سکھ دا ویہڑا‘‘فیملی کمپلیکس کے قیام کے لیے اہم اجلاس

پیر 21 جولائی 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ’’سکھ دا ویہڑا‘‘پروگرام کے تحت صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں فیملی سپورٹ اینڈ میڈی ایشن کمپلیکس کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈائریکٹر جنرل طارق قریشی، دیگر اعلی افسران، جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ کے ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ زوم شرکت کی۔

اجلاس میں کمپلیکس کے لیے موزوں اراضی کی فوری نشاندہی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔یہ جدید فیملی کمپلیکسز وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق قائم کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد خاندانی تنازعات کا باعزت اور مثر حل فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

’’سکھ دا ویہڑا‘‘میں فیملی کورٹس، ثالثی و مشاورت کی سہولیات، بچوں کے لیے ماہر نفسیات، گھریلو تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے تھراپی، قانونی رہنمائی، خواتین کے لیے باوقار انتظار گاہیں، آرام دہ کیفے اور بچوں کے لیے محفوظ کھیلوں کی جگہیں فراہم کی جائیں گی۔سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی مشاورت اور بھرپور رابطہ کاری کے ساتھ اس عوامی فلاح کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کریں۔