وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پرگوادر یونیورسٹی کی طالبہ امینہ گل کو پنک سکوٹی دے دی گئی

پیر 21 جولائی 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے گوادر یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز سے تعلق رکھنے والی طالبہ امینہ گل کو پنک سکوٹی کی چابی باقاعدہ طور پر حوالے کی۔یہ اقدام اْس وعدے کی تکمیل ہے جو حالیہ دنوں گوادر یونیورسٹی میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کیا تھا۔

اس موقع پر طالبہ امینہ گل نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا تھا کہ جیسے کوئٹہ میں طالبات کو پنک سکوٹیز فراہم کی گئی ہیں، کیا گوادر کی طالبات کو بھی اسی سہولت سے فائدہ دیا جا سکتا ہے؟ طالبہ نے یہ بھی واضح کیا کہ گوادر میں طالبات کو ٹرانسپورٹ کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔جواباً وزیراعلیٰ نے دریافت کیاتھا کہ کیا آپ سکوٹی چلا سکتی ہیں؟" جس پر طالبہ نے پر اعتماد انداز میں جواب دیاتھا "جی ہاں!"اسی لمحے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ آپ کو پنک سکوٹی دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے طالبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کی تمام بچیوں کے لیے ایک عملی مثال اور باعثِ ترغیب (موٹیویشن) ہیں۔یہ اقدام نہ صرف طالبات کے لیے سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔