ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون، صاف پانی، تجاوزات اور آوارہ کتوں کے تدارک کے حوالے سے اہم فیصلے

منگل 22 جولائی 2025 16:52

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ضلعی افسران کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں مون سون سیزن کے دوران انتظامات، آوارہ کتوں کے تدارک، صاف پانی کی فراہمی، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر عوامی اہمیت کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے ضلعی و مقامی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مون سون کے متوقع اثرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارشی سیزن کے دوران تمام نالوں، ڈرینیج سسٹمز اور نکاسی آب کے راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

صبا اصغر علی نے آوارہ کتوں کے تدارک کے لیے جاری مہم کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ اور سکون فراہم کیا جا سکے۔

صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صاف پانی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کی جا رہی ہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مجوزہ مقامات کا خود دورہ کریں اور جہاں ضرورت ہو، وہیں فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس صرف سرکاری اراضی پر لگائے جائیں تاکہ ان کی بہتر دیکھ بھال اور حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انیشیٹیوز کے تحت دیے گئے اہداف اور ضلعی سطح پر ان کی تکمیل کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مہم کو تیز کیا جائے اور منتخب شاہراہوں پر زیرو تجاوزات کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے پیرا فورس کی تعیناتی کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

علاوہ ازیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی ریڑھیوں اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس موقع پر کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی، صحت و صفائی، ٹریفک کا بہاؤ اور صاف پانی کی دستیابی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان اہداف کے حصول کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے کام کریں۔