چین کی ٹینس سٹار ڑینگ کنوین کہنی کی سرجری کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئی

منگل 22 جولائی 2025 20:17

چین کی ٹینس سٹار ڑینگ کنوین کہنی کی سرجری کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)چین کی نامور ٹینس سٹار اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ڑینگ کنوین فٹنس مسائل کے باعث رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گی۔ چین کی ٹینس سٹار ڑینگ کنوین کی حال ہی میں دائیں کہنی کی سرجری ہوئی ہے جس کے باعث وہ یو ایس اوپن میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔

ڑینگ کنوین خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ ڑینگ کنوین کو کہنی میں درد کی وجہ سے گزشتہ ماہ ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔چین سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کی 22 سالہ ٹینس سٹار نے سوشل میڈیا پر کہاکہ گزشتہ چند ماہ سے، میں ٹریننگ اور میچوں کے دوران اپنی دائیں کہنی میں مسلسل درد کو برداشت کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درد کے علاج کے لئے میں نے کافی کوشش کی مگر تکلیف کبھی مکمل طور پر دور نہیں ہوئی۔ڑینگ کنوین نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ اس مشکل سے نجات حاصل کرنے کے لئے کافی ٹائم درکار ہوگا ، اس لیے رواں سال کے آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیارکرنا ہی بہتر سمجھا ہے۔یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں چین کی ڑینگ کنوین کی جگہ فرانس کی لیولیا جینجین شرکت کریں گی۔ یو ایس اوپن 24 اگست سے امریکا میں شروع ہو گا۔