ڈھاکا کی پچ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے ناقابلِ قبول ہے،مائیک ہیسن

منگل 22 جولائی 2025 20:01

ڈھاکا کی پچ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے ناقابلِ قبول ہے،مائیک ہیسن
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ڈھاکا کی پچ انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔مائیک ہیسن نے پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ پچ کسی کے لیے بھی مثالی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کوشاں ہیں ایسی صورتحال میں یہ پچ قابل قبول نہیں ہے۔

مائیک ہیسن نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی بیٹنگ کے دوران کچھ غلط فیصلے کیے لیکن یہ پچ بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہے۔اٴْنہوں نے کہا کہ فخر زمان نے کچھ جارحانہ شاٹس کھیلے جس سے ہمیں غلط تاثر ملا، درمیان اوورز میں ناقص شاٹس کھیلنے سے ہمیں نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

گیند جب سیم اور باؤنس کرنے لگی تو ہم خطرے کا اندازہ نہیں لگا سکے۔اٴْنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی پچز پر کھیلنے سے ناصرف ٹیمز کی تیاری بلکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی ترقی بھی متاثر ہوتی ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیشی اوپنر پرویز حسین ایمان نے مائیک ہیسن کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تو پچ خراب محسوس نہیں ہوئی اور ہم نے ہدف 16 اوورز سے بھی کم میں حاصل کر لیا۔اٴْنہوں نے کہا کہ اگر ہم 20 اوورز کھیلتے تو 150 یا 160 رنز آسانی سے بن سکتے تھے کیونکہ ہم نے حالات کا بہتر اندازہ لگایا۔