Live Updates

خیبر پختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی پر وقار تقریب کا انعقاد، کھلاڑیوں میں ایوارڈز اور انعامات تقسیم کئے گئے

منگل 22 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سپورٹس کے موجودہ ہیروز جنھوں نے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے کے اعزاز میں اپنی نوعیت کی پہلی منعقد ہونے والی خیبر پختونخوا سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی پر وقار تقریب نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوئی۔

منگل کو منعقدہونے والی تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پرخیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخر جہان کے علاؤہ صوبائی وزراء میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال،پختونیار خان،پارلیمانی سیکریٹری برائے کھیل و آمور نوجوانان اجمل خان،ایڈیشنل سیکریٹری کھیل و آمور و نوجوانان پیر عبداللہ شاہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،محکمہ کھیل کے دیگر اعلی افسران،کھلاڑیوں، انکے اہل خانہ،منتظمین،کوچز اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر اعزازات کیلئے منتخب ہونے والے سترہ کھلاڑیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔اس طرح قائد اعظم انڈر 21 گیمز میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ماہانہ 25 ہزار وظیفہ کے چیکس بھی تقسیم کئے گئے۔واضح رہے کہ قائد اعظم گیمز میں خیبر پختونخوا نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے صوبے کا نام روشن کیا ہے۔

تقریب میں حالیہ عالمی مقابلے میں انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ جیتنے والی قومی ٹیم میں حصہ لینے والے صوبے کے کھلاڑیوں کو سوینئر بھی پیش کئے گئے۔تقریب کے دوران ایوارڈز کیلئے منتخب شدہ کھلاڑیوں میں ایمل خان نے والی بال،اسرارالحق آرچری،ناصر اقبال سکواش،باز محمد کراٹے،حمزہ رومان ٹینس،مراد علی بیڈ منٹن،محمد حمزہ خان سکواش،سفیان خان ہاکی،عنایت اللہ ریسلنگ،نورزمان سکواش،عثمان احمد کبڈی،افراز حکیم ہاکی،ماہ نور علی سکواش،تامین خان ا یتھلیٹکس ،عزرا فاروق والی بال،وجاحت اللہ خان نیزہ بازی اور سکندرالملک نے فری سٹائل پولو میں حسن کارکردگی پر ایوارڈ حاصل کئے۔

ان کھلاڑیوں نے ملک اور بیرون ملک مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا کہ اس اہم ایونٹ کا مقصد صوبے سے تعلق رکھنے والے موجودہ لیجنڈ کھلاڑی جنھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے کو ایوارڈ دے کر انکی حوصلہ افزائی کرنی ہے اور قائد اعظم گیمز میں صوبے کیلئے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کیلئے ماہانہ 25 ہزار وظیفہ دینے کا آغاز کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نیشنل گیمز کیلئے بھی تیار ہیں اور انشاللہ ان کھیلوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق یہاں کے ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور انکی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ وہ اپنے اہل خزانہ پر بوجھ بھی نہ بنے اور وہ کھیل کے ساتھ پڑھ بھی سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک سال میں صوبے کے ہونہار اور باصلاحیت کھلاڑیوں میں 12 کروڑ سے زائد کے نقد انعامات فراہم کئے گئے ہیں جو میرٹ اور بلا کسی سفارش کی بنیاد پر دئے جاتے ہیں اوراس سے پہلے کسی بھی حکومت کے پورے دورانئے میں کھلاڑیوں کو اس طرح کی معاونت نہیں کی گئی۔

اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچانا ہے تاکہ مستقبل میں اچھے کھلاڑی پیدا ہوں۔انھوں نے کہا کہ ابھی ساؤتھ ایشین گیمز ہورہے ہیں اور وفاقی حکومت سے یہاں پر ان مقابلوں کے انعقاد کے سلسلے میں صوبے کا مقدمہ بھی لڑا ہے۔ہم ان گیمز میں یہاں پر ہونے والے مقابلوں کے اخراجات اٹھانے کیلئے بھی تیار ہیں اور کھیلوں کی ایسوسی ایشنز بھی ہمارے ساتھ رہیں گی۔انھوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ و سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات