امریکہ نے بھارت کو تین اپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کردئیے

منگل 22 جولائی 2025 21:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) امریکی ایرو اسپیس کمپنی بوئنگ نے چھ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے معاہدے کے حصے کے طور پر بھارتی فوج کوتین AH-64Eاپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کردئیے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکام نے بتایا کہ کمپنی نے بھارتی فوج کو چھ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے معاہدے کے حصے کے طور پرتین AH-64E اپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کیے۔

(جاری ہے)

AH-64Eدنیا کے جدید ترین ملٹی رول جنگی ہیلی کاپٹروں میں سے ایک ہے اور یہ امریکی فوج کے زیر استعمال ہے۔بھارتی فوج نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ یہ جدید ترین پلیٹ فارم فوج کی آپریشنل صلاحیتوں کو نمایاں طور پر تقویت دیں گے۔ بوئنگ نے 2020میں بھارتی فضائیہ کو 22ای-ماڈل اپاچیز کی فراہمی مکمل کی اور بھارتی فوج کے لیے چھ AH-64Eکی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے۔بھارتی فوج کوان کی ترسیل 2024میں شروع ہونے والی تھی۔ بھارتی فضائیہ نے 22اپاچی ہیلی کاپٹروں کے لیے ستمبر 2015 میں امریکی حکومت اور بوئنگ لمیٹڈ کے ساتھ کئی ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔