بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ،دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائیگا ،وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی

منگل 22 جولائی 2025 22:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جواں مردی، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کے ساتھ ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ شہریوں کو بسوں سے اتار کر شہید کرنے جیسی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے والے عناصر کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا دہشت گردوں کے سہولت کار بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست، عوام اور سیکیورٹی فورسز متحد ہیں، اور ہم مل کر دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائیں گے بلوچستان میں اب صرف امن، ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہوگی، دہشت اور تخریب کا دور ختم ہو چکا ہے وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔