حلقہ کوٹلہ کی سیاسی فضاء میں ایک نئی لہر جنم لینے لگی

اب وقت آ چکا ہے کہ نوجوان نسل اپنے مستقبل کی باگ ڈور خود سنبھالے،سہیل احمد مغل

بدھ 23 جولائی 2025 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)حلقہ کوٹلہ کی سیاسی فضاء میں ایک نئی لہر جنم لے رہی ہے، جہاں نوجوان نسل نے روایتی نعروں، وقتی مفاداتی سیاست اور نمائشی وعدوں سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے ایک باوقار اور ترقی پسندانہ سیاسی سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ اس بدلتی ہوئی سیاسی سوچ کا بھرپور اظہار تنظیم ’’امن، اتحاد، اتفاق‘ کے چیئرمین سہیل احمد مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سہیل احمد مغل نے واضح انداز میں کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ نوجوان نسل اپنے مستقبل کی باگ ڈور خود سنبھالے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کوٹلہ کے نوجوان اب ''ٹینکی''، ''کالے پائپ'' اور وقتی سہولتوں پر مبنی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔ اب وہ ترقی، روزگار اور باعزت مستقبل کی سیاست چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تنظیم ''امن، اتحاد، اتفاق'' ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو مسلسل نوجوانوں کے حقوق کی آواز بلند کر رہا ہے۔

چاہے وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہوں جو بے روزگاری کے شکار ہیں، یا وہ نوجوان جو دیار غیر میں محنت مشقت کر رہے ہیں، یہ تنظیم ان تمام طبقات کی نمائندگی کر رہی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ ہمیں ایک نئے سیاسی بیانیے کی ضرورت ہے، جس میں برابری، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جائیں۔ ہم اپنے بچوں کو ووٹ کے بدلے نوکری کے جھوٹے وعدے نہیں دینا چاہتے، بلکہ ایک ایسا نظام دینا چاہتے ہیں جس میں ہر نوجوان کو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع میسر ہو۔

سہیل مغل نے حلقہ کوٹلہ کے تمام باشعور نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ ''امن، اتحاد، اتفاق'' کے کارواں میں شامل ہوں اور فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت نعرے لگانے کا نہیں، عمل کرنے کا ہے۔ ہمارا ایک ہی جھنڈا ہے، اور وہ ہے نوجوان کا بہتر مستقبل۔انہوں نے پیغام دیا: ’’آئیی! اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں، اور ایک نئی تاریخ رقم کریں۔‘‘