اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانا لازمی قرار

ایم ٹیگ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، ڈیجیٹل پارکنگ کا نفاذ اور پارکنگ میٹرز لگائے جائیں گے، موبائل ایپ یا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا، چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 جولائی 2025 12:22

اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانا لازمی قرار
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی 2025)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانا لازمی قرار دیدیا گیا، ایم ٹیگ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل پارکنگ کا نفاذ اور پارکنگ میٹرز لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ موبائل ایپ یا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا۔ شہری موبائل ایپ یا کیو آر کوڈ کے ذریعے پارکنگ فیس ادا کر سکیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے کاکہناہے کہ اسلام آباد میں روزانہ آنے اور جانے والی گاڑیوں کا سروے کیا جائے گا۔ رش والی جگہوں پر پارکنگ کے چارجز زیادہ ہونگے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور موٹروے پولیس نے موٹرویز پر تمام گاڑیوں کیلئے ایم ٹیگ رجسٹریشن لازمی قرار دیاتھا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مطابق گاڑیوں کیلئے ایم ٹی کا استعمال لازمی ہوگا۔ یہ فیصلہ موٹرویز کے داخلی و خارجی راستوں پر صارفین کو سہولت دینے اور ٹریفک کی سہل روانی کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا تھا۔

موٹروے پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا تھا کہ موٹرویز کے داخلی و خارجی راستوں پر صارفین کو سہولت دینے اور ٹریفک کی سہل روانی کو یقینی بنانے کیلئے ایم ٹیگ کو لازمی قرار دیا جا رہا تھا۔ایم ٹیگ حاصل کرنے کیلئے صارفین اپنی گاڑی کی رجسٹریشن بک/کارڈ اور شناختی کارڈ کے ساتھ کسٹمر کیئر سینٹر سے رابطہ کر سکتے تھے۔پہلے مرحلے میں ایم ٹیگ کی رجسٹریشن کی پابندی میں نرمی تھی لیکن اب اسے ہر گاڑی کیلئے اسے لازمی قرار دے دیا گیا تھا۔

موٹروے پولیس کی طرف سے ٹول پلازوں پر ری چارج کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔5فروری کے بعد تمام گاڑیوں کیلئے داخلوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ایم ٹیگ حاصل کرنے کیلئے صارفین اپنی گاڑی کی رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کے ساتھ کسٹمر کیئر سینٹر سے رابطہ کر سکتے تھے۔