جنوبی کوریا کی معیشت میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں 0.5 فیصد اضافہ

جمعرات 24 جولائی 2025 16:47

سئیول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) جنوبی کوریا کی معیشت میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 0.5 فیصد اضافہ ہوا۔اے ایف کے مطابق جنوبی کوریا کے مرکزی بینک نے جمعرات کو اپنی تازہ رپورٹ میں کہاکہ دوسری سہ ماہی کے دوران حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں شرح نمو 0.6 فیصد رہی۔

بینک آف کوریا کے مطابق معاشی نمو کی بڑی وجہ نجی کھپت میں بہتری اور برآمدات میں 4.2 فیصد اضافہ ہے ۔ماہرین کے مطابق ملک میں سیاسی استحکام کی بحالی نے بھی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے خاص طور پر دسمبر میں مختصر مارشل لا اور صدارتی مواخذے کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جنوبی کوریا کو یکم اگست تک امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں 25 فیصد ٹیرف کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ امریکہ پہلے ہی جنوبی کوریا کی اسٹیل اور کاروں کی برآمدات پر ٹیرف عائد کر چکا ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت اس ضمن میں امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے اور نائب وزیر اعظم جمعرات کو مذاکرات کے لیے واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں۔جنوبی کوریا کے وزیر تجارت یو ہان کو نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایک سنگین صورتحال کا سامنا ہے اور حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے بھرپور کوشش کرے گی۔