وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں صوبائی حکومت ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے،چوہدری وسیم انجم سندھو

جمعرات 24 جولائی 2025 17:01

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)پنجاب اسمبلی کے نومنتخب رکن چوہدری وسیم انجم سندھو سے لاہور دفتر میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آئے اقلیتی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت مسیحی رہنما اشرف جان سندھو نے کی۔ وفد نے ایم پی اے منتخب ہونے پر چوہدری وسیم کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ملاقات میں مسیحی ملازمین، خصوصا سینٹری ورکرز کو درپیش مسائل، ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات، پنشن، اور انسانی حقوق کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اشرف جان سندھو نے کہا کہ صفائی کے عملے کو بنیادی سہولیات کی کمی اور دورانِ ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے ورثا کو واجبات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔چوہدری وسیم انجم نے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ وزیر بلدیات کو ان مسائل سے آگاہ کریں گے اور ضرورت پڑی تو پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی پیش کریں گے ۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور وفد نے عملی یقین دہانیوں پر چوہدری وسیم کا شکریہ ادا کیا۔