Live Updates

غیرمعمولی بارشیں ماحولیاتی تبدیلی کا واضح ثبوت ہیں، محمد حنیف عباسی

جمعرات 24 جولائی 2025 21:52

غیرمعمولی بارشیں ماحولیاتی تبدیلی کا واضح ثبوت ہیں، محمد حنیف عباسی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حالیہ غیر معمولی مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی تبدیلی کا واضح اور خطرناک اشارہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتا موسم اور اچانک شدید بارشیں اب معمول کا حصہ نہیں بلکہ عالمی ماحولیاتی بحران کی سنگین علامات ہیں، جن پر فوری توجہ دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے سیلابی ریلوں اور شدید بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا، خصوصاً لودھراں میں کلاؤڈ برسٹ سے جاں بحق ہونے والی فیملی اور باپ بیٹی کی المناک ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حادثات قومی سطح پر گہرے دکھ اور غم کا باعث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور وفاقی حکومت ریسکیو و ریلیف کے ہر ممکن اقدامات میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسمی شدت، ممکنہ خطرات اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات کو سنجیدگی سے لیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ بدلتے موسم اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں قومی سطح پر پائیدار حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات