سڑکیں بحال پنجاب خوشحال منصوبے کے تحت 100 ارب روپے مختص

جمعرات 24 جولائی 2025 23:17

سڑکیں بحال پنجاب خوشحال منصوبے کے تحت 100 ارب روپے مختص
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) سڑکیں بحال پنجاب خوشحال منصوبے کے تحت مالی سال 2025-26 کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایڈیشنل سیکرٹریز، ایکسینز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مالی سال 2025-26 میں تعمیر ہونے والی شاہراہوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت لاہور، اٹک، راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، بھکر، میانوالی، گجرات اور وزیر آباد میں سڑکوں پر تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے گا۔ اسی طرح حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور چنیوٹ بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، کوٹ ادو، راجن پور اور تونسہ میں بھی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔

منصوبے کے تحت مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے لیے 50 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اجلاس میں فیلڈ افسران کو ہدایت دی گئی ہیں کہ سڑکوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔

ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور خراب سڑکوں کی مرمت و بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ بارشوں کے دوران روڈ کٹس اور شولڈرز کی بروقت مرمت کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے تحت عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔