ڈپٹی کمشنر سوراب کی قیادت میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن واینٹی نارکوٹکس بلوچستان اور ضلعی محکموں کے اشتراک سے منشیات کے خلاف آگاہی ریلی کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سوراب کی قیادت میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان اور ضلعی محکموں کے اشتراک سے منشیات کے خلاف آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد عوام، بالخصوص نوجوان نسل میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا جبکہ ریلی میں محکمہ ایکسائز کے افسران اور عملے نے بھرپور شرکت کی جبکہ عوامی سطح پر بھی طلباء ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر محکمہ ایکسائز کے افسران نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے محکمے کی جانب سے مختلف اقدامات جاری ہیں، جن میں آگاہی مہمات، کارروائیاں اور نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے رہنمائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس صوبے بھر میں منشیات کے خلاف سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور عوامی تعاون کے بغیر یہ مشن مکمل نہیں ہو سکتا۔مقررین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات جیسی لعنت سے خود کو بچائیں اور معاشرے کی فلاح میں مثبت کردار ادا کریں۔