رواں برس میں صوبائی محتسب سندھ کے شکایتی نظام کو مکمل ڈیجیٹائز کردیں گے ،صوبائی محتسب سندھ

جمعرات 24 جولائی 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ رواں برس میں صوبائی محتسب سندھ کے شکایتی نظام کو مکمل ڈیجیٹائز کردیں گے اور صوبائی محتسب سندھ کی ویب سائٹ اور ایپلیکشن کو اردو اور سندھی زبان میں بھی جلد لانچ کردیا جائے گا۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف کلائمیٹ اینڈ ڈزاسٹر ریڈرسل یونٹ، صوبائی محتسب سندھ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ہلال احمر)سندھ کے اشتراک سے "صوبائی محتسب سندھ کے عوامی شکایات کے ازالے میں کردارپر آگاہی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا، سوشل میڈیا، سیمینار، کھلی کچہریوں کے ذریعے صوبائی محتسب دفتر سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں اور شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کرنے کیلئے تین ماہ کا وقت مختص کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد ہلال احمر سندھ کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے موسمیاتی و دیگر آفات سے نمٹا جاسکتا ہے لہذا دیگر اداروں کو بھی مشترکہ کاوشوں کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین ہلال احمر سندھ محمد ریحان ہاشمی نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر سندھ کسی بھی قدرتی آفات میں اپنی خدمات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔