Live Updates

ملتان میں شام کے وقت موسلا دھار بارش، معمولاتِ زندگی متاثر

جمعرات 24 جولائی 2025 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ملتان میں جمعرات کی شام موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق شہر میں 15 ملی میٹر سے لے کر 24 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش شام 6 بجے کے قریب شروع ہوئی اور وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہی۔

حسین آگاہی، چوک کمہاراں والا، دولت گیٹ، نواں شہر اور گلشن مارکیٹ سمیت متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ٹریفک جام اور گاڑیوں کے بند ہونے کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر پھسلن اور کرنٹ لگنے کے معمولی حادثات کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نکاسی آب کا کام جاری ہے، جبکہ شہر یوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ملتان شہراور گردونواح میں بارش کی وجہ سے میپکو کے متعدد فیڈرٹرپ کرگئے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات