شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں صدارتی راج میں توسیع کی قراردادلوک سبھا سے منظور

قرارداد میں منی پور میں 13اگست2025سے مزید چھ ماہ کیلئے منی پور میں صدارتی راج کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے

جمعہ 25 جولائی 2025 13:41

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں صدارتی راج میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی قراردارپارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں منظور ہو گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے لوک سبھا میں منی پور میں صدارتی راج میں توسیع کی قرارداد پیش کی ، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔

اب اس قرارداد کو منظوری کیلئے راجیہ سبھا میں پیش کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں منی پور میں 13اگست2025سے مزید چھ ماہ کیلئے منی پور میں صدارتی راج کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے جس کے بعد شورش زدہ ریاست میں فروری2026تک صدارتی راج نافذ رہے گا۔منی پور میں کوکی اور میتھی قبائل کے درمیان نسلی تشدد کے باعث ریاست کے بی جے پی کے وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ نے گزشتہ سال9فروری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا ،جس کے بعد 13فروری کومنی پور میں صدارتی راج نافذ کردیاگیاتھا۔

مئی2023میں شروع ہونیو الے فسادات کے دوران اب تک سینکڑوں لوگ ہلاک اور ہزاورںبے گھر ہو چکے ہیں ۔ ریاست میں بھارتی فوج اورپیراملٹری اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی کے باوجود حالات بدستور کشیدہ ہیں اور مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات پیش آتے رہتے ہیں ۔