چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن و مانیٹرنگ برگیڈئر(ر) بابر علاؤالدین کا لائیو سٹاک اسٹیشن قادر آباد کا تفصیلی دورہ

جمعہ 25 جولائی 2025 16:09

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن و مانیٹرنگ برگیڈئر(ر) بابر علاؤالدین نے لائیو سٹاک اسٹیشن قادر آباد کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ آپریشنل کارکردگی اور پنجاب بھر میں جانوروں کی بہتر افزائش نسل کے لیے جاری تحقیقی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر ماہم واحد، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ادارہ تحقیقات افزائش حیوانات بہادر نگر اوکاڑہ ڈاکٹر مقصود اختر، میجر نوید اسلم، اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی، فارم مینجر فیاض احمد سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بابر علاؤالدین نے کہا کہ اللہ نے ہمیں بہترین ماحول دیا ہے اور قابل ریسرچر ورکرز بھی موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود اتنی محنت کریں کہ ہماری پیدوار میں اضافہ ہوسکے اور دوسرے ممالک بھی ہم سے استفادہ حاصل کریں اور ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے فارم میں مختلف تجرباتی یونٹس کا معائنہ کیا، جن میں ریسرچ بلاکس، نسل کی بہتری کی سہولیات اور فیڈ مینجمنٹ اسٹیشن شامل ہیں۔

اس دورے کا خاص فوکس سیمین پروڈکشن یونٹ تھا جہاں ٹیم نے مصنوعی حمل کے لیے اعلیٰ معیار کی منی پیدا کرنے کے لیے اپنائے گئے طریقہ کار کا مظاہرہ کیا۔ یہ یونٹ جینیاتی بہتری کے پروگراموں میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے جو پورے صوبے میں کسانوں کے لیے زیادہ پیداوار اور بیماریوں سے مزاحم نسلوں کو یقینی بناتا ہے۔چیئرپرسن نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن اور ہدایات کے تحت ایل ای ایس قادر آباد جیسے لائیو سٹاک تجرباتی سٹیشن دیہی ترقی اور فوڈ سکیورٹی کے اہم انجن ہیں۔