ہسپتال کے باتھ روم میں چھپ کرخواتین کی نازیباویڈیو بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار

ملزم عقیل عباس کے موبائل فون سے 300 سے زائد ویڈیوز اور تصاویر برآمد، واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک شہری نے اہلکار کو ہسپتال کے باتھ روم اور دیگر مقامات پر خواتین کی تصاویر بناتے ہوئے دیکھا اور فوری طور پر اسے قابو کرلیا،پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 25 جولائی 2025 16:17

ہسپتال کے باتھ روم میں چھپ کرخواتین کی نازیباویڈیو بنانے والا پولیس ..
گوجر خان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی 2025)ہسپتال کے باتھ روم میں چھپ کرخواتین کی نازیباویڈیو بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار، ملزم پولیس اہلکار سادہ کپڑوں میں ملبوس تھا جسے موقع پر موجود شہری نے موبائل فون سمیت پکڑ کر گوجرخان پولیس کے حوالے کردیا، ملزم کی شناخت عقیل عباس کے نام سے ہوئی جو راجگان کا رہائشی اور لاہور میں ٹریننگ ونگ کا پولیس اہلکار بتایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ تحصیل گوجرخان میں واقع سول ہسپتال میں پیش آیا جہاں پولیس کا ایک اہلکار خواتین کی نازیبا تصاویر بناتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک شہری نے اہلکار کو ہسپتال کے باتھ روم اور دیگر مقامات پر خواتین کی تصاویر بناتے ہوئے دیکھا اور فوری طور پر اسے قابو کرلیا۔

(جاری ہے)

گوجر خان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ملزم عقیل عباس کے موبائل فون سے 300 سے زائد ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ شہری بلال حسین کی مدعیت میں درج کیاہے جس نے شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ علاج کیلئے سول ہسپتال گوجرخان گیا جہاں اس نے ایک شخص کو باتھ روم میں خواتین کی تصاویر بناتے دیکھا۔ٹی ایچ کیو ہسپتال میں خواتین کی نازیبا ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار کو رنگے ہاتھوں پکڑ ا۔

جب شک گزرنے پر اس شخص کا موبائل فون چیک کیا گیا تو اس میں خواتین کی نازیبا تصاویر موجود تھیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ٹریننگ ونگ ہیڈ کوارٹرز لاہور میں تعینات ہے۔ ملزم باتھ روم جانے والی خواتین کی چھپ کر تصاویر اور ویڈیوز بناتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 354 اور 292 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

ایس پی صدر نبیل کھوکھر کے مطابق گرفتار اہلکار کا تعلق ٹریننگ ونگ لاہور سے ہے۔ اس واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ ایسے شرمناک واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی رائیونڈ میں خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والے کانسٹیبل کو گرفتار کیا گیا تھا۔ کانسٹیبل ارسلان نے چند روز قبل ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی برہنہ ویڈیو بنائی تھی۔ اینٹی رائٹ فورس میں تعینات کانسٹیبل ارسلان ویڈیو کیس کا مرکزی ملزم ہے جسے گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ واقعے میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کئے جا چکے تھے پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں گینگ ریپ کی دفعات بھی شامل تھیں۔