لاڑکانہ،ڈپٹی کمشنر جیکب آبادکی زیر صدارت 14 اگست یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منانے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 25 جولائی 2025 17:31

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نواب سمیر حسین لغاری کی زیر صدارت ان کے دفتر میں 14 اگست 2025 کو 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نے کہا کہ تمام محکمے اپنے دفاتر میں چراغاں کر کے یوم آزادی کو منانے کے لیے تیاریاں کریں، دفاتر اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا ئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یکم اگست سے 14 اگست 2025 یوم آزادی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کے حصول میں ہمارے بزرگوں کی قربانیاں شامل ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جبکہ پاک فوج ملک کی خوشحالی، مضبوطی اور دفاع کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور پاک فوج کی بدولت ہی ہم آج سکون کی سانس لے رہے ہیں، جو ہمارے ملک کی سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت کر رہی ہے۔ اجلاس میں ڈی ایس رینجرز، پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز، مختار کار، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، پی پی ایچ آئی اور تمام اداروں کے حکام نے شرکت کی اور 14 اگست کو 78 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے اور تقاریب منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔