فحاشی پھیلانے کے الزام میں پشاور میں خاتون ٹک ٹاکر گرفتار

سوشل میڈیا پر بے ہودہ، فحش اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے کا الزام، پشاور پولیس نے ٹک ٹاکر علیشاہ کو گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی بدھ 10 ستمبر 2025 00:17

فحاشی پھیلانے کے الزام میں پشاور میں خاتون ٹک ٹاکر گرفتار
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء) فحاشی پھیلانے کے الزام میں پشاور میں خاتون ٹک ٹاکر گرفتار، سوشل میڈیا پر بے ہودہ، فحش اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے کا الزام، پشاور پولیس نے ٹک ٹاکر علیشاہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے معاشرتی برائیوں کے سدباب اور نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بے حیائی، فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔

کیپٹل سٹی پولیس تر جمان کے مطابق اسی سلسلے میں تھانہ آغا میر جانی شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بے حیائی پھیلانے والے ملزم نور زادہ عرف لالے ولد نواب سکنہ یکہ توت کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

جبکہ تھانہ کوتوالی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بے حیائی پھیلانے والے خواجہ سرا سجل خان کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ تھانہ گلبہار پولیس کی کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر بے ہودہ، فحش اور غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے پر علیشاہ 007 کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بے ہودہ اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔