یاماہا موٹرز پاکستان کا ملک میں موٹر سائیکل کی پیداوار بند کرنے کا اعلان

کمپنی اپنی موجودہ وارنٹی اسکیم کے تحت وارنٹی سروسز اور کسٹمر سپورٹ بھی فراہم کرتی رہے گی

منگل 9 ستمبر 2025 20:50

یاماہا موٹرز پاکستان کا ملک میں موٹر سائیکل کی پیداوار بند کرنے کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)یاماہا نے پاکستان میں موٹر سائیکل کی تیاری بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ، کمپنی نے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری نوٹس میں کاروباری پالیسی میں تبدیلی کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کاروباری پالیسی میں تبدیلی کے باعث ہم پاکستان میں موٹر سائیکل کی مینوفیکچرنگ بند کرنے جا رہے ہیں، ہم اپنے صارفین کے برسوں پر محیط اعتماد اور تعاون پر دل سے شکر گزار ہیں۔

یاماہا نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فروخت کے بعد کی سہولیات جاری رہیں گی، اس سلسلے میں کمپنی نے بتایا کہ اسپیئر پارٹس کی فراہمی مجاز ڈیلرز کے ذریعے جاری رہے گی اور اس کے لیے خاطر خواہ اسٹاک بھی موجود ہے۔مزید برآں، کمپنی اپنی موجودہ وارنٹی اسکیم کے تحت وارنٹی سروسز اور کسٹمر سپورٹ بھی فراہم کرتی رہے گی۔