Live Updates

موجودہ سیلابی صورتحال میں ہمارے "بلین ٹری منصوبے" کی اہمیت و ضرورت کا ایک مرتبہ پھر بھرپور اندازہ ہو رہا ہے

منصوبے کو ورلڈ اکنامک فورم سمیت عالمی سطح پر شاندار پذیرائی ملی، خیبرپختونخواہ حکومت "10 بلین ٹری" مہم پر ازسرنو توجہ مرکوز کرے، عمران خان کا پیغام

muhammad ali محمد علی بدھ 10 ستمبر 2025 00:48

موجودہ سیلابی صورتحال میں ہمارے "بلین ٹری منصوبے" کی اہمیت و ضرورت کا ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء) عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیلابی صورتحال میں ہمارے "بلین ٹری منصوبے" کی اہمیت و ضرورت کا ایک مرتبہ پھر بھرپور اندازہ ہو رہا ہے، منصوبے کو ورلڈ اکنامک فورم سمیت عالمی سطح پر شاندار پذیرائی ملی، خیبرپختونخواہ حکومت "10 بلین ٹری" مہم پر ازسرنو توجہ مرکوز کرے۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام سامنے آیا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ " دنیا میں نظام حکومت کی بنیاد اخلاقیات پر ہوتی ہے جبکہ پاکستان کا اخلاقی نظام ہر سطح پر، مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔ جمہوریت کا حسن بھی اخلاقیات ہے لیکن عاصم لأ کے تحت موجودہ نظام میں اخلاقیات کی پستی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

‏قرآن پاک میں بارہا امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم دیا گیا ہے۔ اس حکم کی پیروی کرتے ہوئے پوری قوم کا فرض بنتا ہے کہ حق کے ساتھ اور باطل کے خلاف ڈٹ جائیں۔

‏موجودہ نظام ظلم اور اخلاقی گراوٹ کی جس ڈگر پر چل نکلا ہے، اس کا خاتمہ یقیناً اسی نظام کی تباہی پر ہی ہو گا۔ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے، فتح آپ کی ہی ہو گی۔ ‏افغانستان نا صرف دیرینہ ساتھی ہے بلکہ برادر اسلامی ملک بھی ہے۔ ایسے میں پوری قوم اور بالخصوص خیبر پختونخوا حکومت کا فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں اور جس قدر ممکن ہو انہیں امداد فراہم کریں۔

‏علی امین کو ایک مرتبہ پھر سے ہدایت کرتا ہوں کہ خیبرپختونخوا میں اپنے ہی لوگوں کے خلاف جاری آپریشن کے خلاف کھڑے ہوں۔ اس آپریشن کو ہر حال میں رکنا چاہیے۔ تاریخ سے سبق سیکھیں۔ صرف بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لیے اپنے ہی لوگوں کے خلاف فوجی آپریشن سے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑیں گے۔ ‏موجودہ سیلابی صورتحال میں ہمارے “بلین ٹری منصوبے” کی اہمیت و ضرورت کا ایک مرتبہ پھر بھرپور اندازہ ہو رہا ہے۔

تحریک انصاف نے میرے ویژن کی روشنی میں بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا جس کو بورس جانسن، ورلڈ اکنامک فورم سمیت عالمی سطح پر شاندار پذیرائی ملی۔ خیبرپختونخواہ حکومت کو ہدایت کرتا ہوں کہ “ٹین بلین ٹری” مہم پر ازسرنو توجہ مرکوز کریں۔ سوشل میڈیا بھی اس ضمن میں آگہی مہم کا آغاز کرے تاکہ درخت موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے خلاف ڈھال بن سکیں۔

" عمران خان نے مزید کہا کہ "تمام مذہبی تعلیمات، معاشرتی اقدار اور اخلاقی ضابطوں کے برخلاف جس طرح میری اہلیہ پر ظلم کیا جا رہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔ ان پر یہ جبر صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ مجھے توڑا جا سکے لیکن میں بشری بیگم کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ تمام تر مصائب اور صعوبتیں بھی ان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکیں اور وہ میرے ساتھ کھڑی ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس قدر وفا شعار خاتون کی مثال نہیں ملتی جو ایسے ظلم و جبر کے باوجود ڈٹ کر کھڑی ہیں۔"
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات