بیرسٹر ڈاکٹرسیف کی سربراہی میں پاکستانی مذہبی وسیاسی رہنماوں پر مشتمل وفد چین کے صوبے سنکیانگ پہنچ گیا

جمعہ 25 جولائی 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)بیرسٹر ڈاکٹرسیف کی سربراہی میں پاکستانی مذہبی وسیاسی رہنماوں پر مشتمل وفد چین کے صوبے سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی پہنچ گیا ہے۔وفد نے اس موقع پر اسلامی ایسوسی ایشن آف سنکیانگ میں مذہبی رہنماوں سے ملاقات کی، اس دوران مذہبی ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

اسلامی ایسوسی ایشن آف سنکیانگ کے نائب صدر مامات علی نے پاکستانی وفد کو بریفنگ بھی دی اور بتایا کہ سنکیانگ کے مسلمان آزادانہ طور پر اسلام پر عمل پیرا ہیں، اس علاقے میں سینکڑوں مساجد اور مدارس موجود ہیں جہاں مسلمانوں کو قرآن و سنت کی تعلیمات فراہم کی جارہی ہیں، سنکیانگ میں گزشتہ 10 سالوں سے کوئی دہشتگردی کا واقعہ پیش نہیں آیا، اور یہ خطہ اب پرامن ہے، پاکستانی وفد کے سربراہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے چینی حکومت کی جانب سے وفد کا پرتپاک خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا، بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے اسلامی ایسوسی ایشن آف سنکیانگ کے اقدامات کو سراہا، اس موقع پربیرسٹر ڈاکٹرسیف نے ''پیغامِ پاکستان'' کے اقدام سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان کے تقریباً 6000 علمائے کرام نے اس بیانیے کی تائید کی ہے دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اور قریبی تعاون کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، ملاقات سے قبل پاکستانی وفد نے ارومچی کی شانشی مسجد اور سنکیانگ انٹرنیشنل گرینڈ بازار کا دورہ کیا، ہائی ٹیک پلانٹ فیکٹری ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، یوجن اسٹریٹ ساؤتھ کمیونٹی، اور ہیجیاشان اسٹریٹ کا دورہ بھی کیا، وفد نے سنکیانگ انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں انسدادِ دہشتگردی اور انسدادِ انتہاپسندی کی نمائش بھی دیکھی، اسی طرح وفد کو چینی حکومت کی انتہاپسندی کے خلاف کوششوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے بعد علاقے میں سماجی بحالی اور اقتصادی ترقی کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں، سنکیانگ میں مختلف مذہبی و نسلی برادریاں پرامن طریقے سے باہم رہ رہی ہیں اور علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، یہ دورہ چینی حکومت اور پاکستان کے بین الاقوامی تحقیقی کونسل برائے مذہبی امور کے اشتراک سے کیا گیا۔