حکومت سندھ نے 14اگست اور "معرکہ حق"کی تقریبات کو تاریخی، منظم اور پرجوش انداز میں منانے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں

جمعہ 25 جولائی 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) حکومت سندھ نے یومِ آزادی 14اگست اور "معرکہ حق"کی تقریبات کو تاریخی، منظم اور پرجوش انداز میں منانے کیلئے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، خصوصی معاونین، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری عمارات، بسیں، ٹرینیں، مارکیٹیں اور عوامی مقامات کو قومی پرچم، رنگ برنگی روشنیوں اور خوبصورت بینرز سے سجایا جائے گااور میڈیا پر وسیع سطح پر مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تقاریب کا شیڈول، سجاوٹ، سیکیورٹی، صفائی، ثقافتی پروگرامز اور ضلعی سطح پر عوامی شمولیت جیسے اہم معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کا مہینہ صرف جشن نہیں بلکہ حب الوطنی، قربانی اور سچائی کے پیغام کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تقاریب میں خصوصی بچوں، اقلیتوں، بزرگ شہریوں اور خواتین کو بھرپور طور پر شامل کیا جائے گااور تمام اضلاع میں مرکزی سطح کی تقریبات ہوں گی تاکہ یہ دن عوامی جوش و خروش کا حقیقی عکس بنے۔

اس موقع پر وزیرِ بلدیات سعید غنی نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وارڈ، یونین کونسل اور ٹائون سطح پر تقاریب منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیاں، ملی نغموں کی شامیں اور نوجوانوں کے کھیلوں کے مقابلے بھی تقاریب کا حصہ ہوں گے جبکہ وزیرِ ثقافت ذوالفقار شاہ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے آرٹس کونسل، اسکولوں، کالجوں اور تھیٹر گروپس کے تعائون سے خصوصی شوز، مشاعرے، قوالی نائٹس اور تھیٹر پرفارمنس منعقد کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیرِ توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یومِ آزادی کو درخت لگانے، صفائی، خون کے عطیات اور سوشل ایکشن کے ساتھ منایا جائے گا تاکہ یہ دن عوامی خدمت کا نشان بنے۔