ستھرا پنجاب تجرباتی مرحلے سے گزر گیا،اب سوفیصد نتائج دینا ہوں گے، ذیشان رفیق

جمعہ 25 جولائی 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام تجرباتی مرحلے سے گزر چکا ، اب سوفیصد نتائج دینا ہوں گے، آبادیوں کے ساتھ ساتھ کونوں کھدروں میں جمع ہونے والے گندگی کے ڈھیروں پر بھی توجہ دی جائے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے جائزہ اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات نے ویسٹ کولیکشن کے طریقہ کار میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ صرف صبح کے وقت کچرا اٹھانا کافی نہیں، کمرشل علاقوں میں کوڑا جمع ہوتے ہی دوبارہ صفائی کرنے کا ماڈل نافذ کیا جائے، وزیراعلی مریم نواز کی جاری کردہ ہدایت پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔

(جاری ہے)

ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی نے مختلف اضلاع کے دورے شروع کر دیئے ہیں لہذا صفائی کے اہداف میں سستی کی کوئی گنجائش نہیں، فیلڈ مانیٹرنگ افسروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے، سی ای اوز کو اپنے دفاتر سے نکل کر دورے کرنے چاہئیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے یکساں صفائی ویژن کے مطابق دیہاتوں کو بھی مرحلہ وار صاف بنایا جائے، کنٹریکٹرز پوری فورس لگا کر باری باری ہر گائوں میں صفائی کو یقینی بنائیں، دیہات پر توجہ نہ دینے پر کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبائی سطح پر سپیشل مانیٹرنگ سیل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو روزانہ کی بنیاد پر عملی اقدامات پر نظر رکھے گا۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب والے کنٹینرز اور گاڑیوں کو بھی صاف رکھا جائے، شہریوں کی شکایات پر ایکشن کا میکانزم مزید بہتر بنانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :