قائمقام اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے پرائیوٹ افراد کے حوالے سے رپورٹ منگوا لی ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 29 جولائی 2025 20:24

قائمقام اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے پرائیوٹ افراد کے حوالے سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ قائمقام اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے پرائیوٹ افراد کے حوالے سے رپورٹ منگوا لی ہے،سی سی ٹی وی کی مدد سے پرائیوٹ افراد کے حوالے سے انکوائری کے بعد ایکشن لیا جائے گا، ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن رکن کو کورم کی نشاندھی پر نہیں بلکہ ان کے رویے پر معطل کیا۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ اسمبلی کا ماحول خراب کرنے کی صورت میں اسپیکر کو مکمل اختیار ہے کہ وہ کسی کو بھی معطل کریں،قائمقام اسپیکر کا معطل کرنے کا فیصلہ بالکل درست ہے ،اسمبلی میں ایسا رویہ قابل قبول نہیں، پہلے بھی اپوزیشن کے 26 اراکین معطل ہوئے پھر مذاکرات ہوئے لیکن انہوں نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا،ہم نے 26معطل اراکین کو حلقے کی نمائندگی کے لئے بحال کرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو ان کا رویہ بالکل بھی اچھا نہیں تھاہماری حکومت تو پھر بھی انہیں ساتھ لے کر چلی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رکن نے اپنی نشست سے اٹھ کر حکومتی رکن پر حملہ کیا ،اپوزیشن اسمبلی کو مذاق سمجھتی ہے ،آتے ہیں شور ڈالتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، اسمبلی کے تقدس کا خیال ہم سب پر لازم ہے۔ انہوںنے کہاکہ احمد خان بھچر کے خلاف جو فیصلہ آیا وہ عدالت نے کیا ہم نے نہیں ،قائد حزب اختلاف پر کیس نگران حکومت نے بنایا تھا ہماری حکومت نے ان پر کوئی کیس نہیں بنایا۔