سب تحصیل میرپور کو تحصیل کا درجہ دیا جائے ،عوامی مطالبہ

جمعہ 25 جولائی 2025 21:55

جھل مگسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)سب تحصیل میرپور ضلع جھل مگسی ایک صدی سے زائد عرصے سے سب تحصیل کا درجہ رکھتی ہے، لیکن بدقسمتی سے آج تک اس کو مکمل تحصیل کا درجہ نہیں دیا گیا۔ ریوینو ایکٹ کے مطابق میرپور کو تحصیل بنانے کی تمام قانونی و انتظامی شرائط پوری ہو چکی ہیں، مگر اس کے باوجود یہاں کے عوام محرومی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کے مطابق کئی دیگر سب تحصیلیں تحصیل اور یہاں تک کہ اضلاع میں تبدیل ہو چکی ہیں، لیکن میرپور آج بھی پسماندگی، غربت، بے روزگاری، صحت، تعلیم، سڑکوں اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔سال 2008 میں یونین کونسل خداآباد کے چند دیہاتوں میں بجلی کے کھمبے نصب کیے گئے، مگر آج تک بجلی کی فراہمی ممکن نہیں بنائی گئی۔ ٹرانسفارمر اور تاریں چوری ہو چکی ہیں، اور عوام صرف کھمبوں کو حسرت سے دیکھنے پر مجبور ہیں۔

علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، اور کمشنر نصیرآباد ڈویڑن سے پٴْر زور مطالبہ کیا ہے کہ سب تحصیل میرپور کو جلد از جلد تحصیل کا درجہ دیا جائے، بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں، اور علاقہ کے عوام کو بھی انسانی زندگی کے بنیادی حقوق مہیا کیے جائیں۔