وزیر خزانہ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کااجلاس، عوامی بہبود سے متعلق قانون سازی ومروجہ پالیسیوں پر نظر ثانی سفارشات کا جائزہ لیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 01:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمن کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کا اکیسواں اجلاس سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس وزیر قانون اور وزیر اطلاعات سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی محکموں کی جانب سے مختلف شعبہ جات میں عوامی بہبود سے متعلق قانون سازی اور مروجہ پالیسیوں پر نظر ثانی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا جن میں پنجاب میں بچوں کی ملازمت پر پابندی سے متعلق مجوزہ قواعد 2024اور آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز 2024 جیسے اہم مسودات شامل تھے۔

وزیر خزانہ نے ان تمام سفارشات بغور جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایسے قوانین کی تیاری میں بین الاقوامی معیارات، انسانی حقوق اور عملدرآمد کے قابلِ بھروسا میکانزم کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصل آباد اور قازقستان کے شہر شیمکینٹ کے درمیان باہمی تعاون اور شہر بہ شہر اشتراک (Twinning) کے معاہدے پر دستخط کی منظوری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جسے باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر پنجاب کے موثر تعارف کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔

اجلاس میں صوبے میں نئے پٹرول پمپس کے قیام کے لیے این او سی کے اجراء سے متعلق پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی قائمہ کمیٹیاں قانون سازی اور پالیسی سازی کے عمل میں شفافیت اور فعالیت کو فروغ دینے کے لیے نہایت موثر فورم ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی فلاح کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ پالیسی اقدامات کو حتمی شکل دیں اور جلد کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کریں۔