ٹرمپ اورصدریورپی یونین صدرکی ملاقات کل ہوگی

دونوں رہنما تجارتی معاہدے کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت کرینگے

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:37

ٹرمپ اورصدریورپی یونین صدرکی ملاقات کل ہوگی
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپی یونین کی صدر ارسلا فان ڈیر لین (کل)اتوار کو اسکاٹ لینڈ میں ملاقات کریں گے تاکہ مہینوں سے جاری ٹرانس اٹلانٹک تجارتی تنازعہ کو حل کرنے کے لیے فیصلہ کن کوشش کی جا سکے۔ارسلا فان ڈیر لین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ صدر ٹرمپ سے اچھی گفتگو کے بعد ہم نے اتوار کو اسکاٹ لینڈ میں ملاقات پر اتفاق کیا ہے تاکہ ٹرانس اٹلانٹک تجارتی تعلقات پر بات ہو اور انہیں مضبوط رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

یورپی سفارتی ذرائع کے مطابق زیر غور معاہدے میں یورپی مصنوعات پر 15 فیصد امریکی ٹیرف شامل ہو سکتا ہے جو اس ہفتے جاپان کے ساتھ طے شدہ سطح کے برابر ہوگا جبکہ بعض اہم شعبوں کو اس سے استثنی بھی دیا جا سکتا ہے۔ارسلا فان ڈیر لین کی ترجمان پالا پینہو نے بتایا کہ اتوار کی ملاقات سے پہلے تکنیکی اور سیاسی سطح پر انتہائی سنجیدہ مذاکرات جاری رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اب رہنما موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ایک متوازن نتیجے کی گنجائش پر غور کریں گے جو دونوں اطراف کے کاروباروں اور صارفین کے لیے استحکام اور پیش گوئی کا باعث بنے۔