گورنر پنجاب کسی کو جگانا چاہتے ہیں تو اپنی حکومت کو خط لکھیں‘عظمیٰ بخاری

کھلا خط لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں،معذرت کے ساتھ آپکو ہر بار آپکا آئینی رول یاد کروانا پڑتا ہے ،وزیراطلاعات

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے وزیراعلی مریم نواز کو خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو کھلا خط لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں،معذرت کے ساتھ آپ کو ہر بار آپ کا آئینی رول یاد کروانا پڑتا ہے لیکن آپ غلطی کرنے سے باز نہیں آتے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پہلے سے سیلابی صورتحال کا سامنا کرنے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر چکی ہے، تمام معاملات حکومتی کنٹرول میں ہیں،اگر آپ کسی کو حقیقی طور پر جگانا چاہتے ہیں تو اپنی جماعت اور اپنی حکومت کو خط لکھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کیسے چلانی ہے،انتظامی معاملات کیسے چلانے ہیں اس کے لیے آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں، مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب کے تمام متعلقہ ادارے متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں، مریم نواز سیلابی صورتحال کے اگلے روز ہی خود چکوال پہنچیں اور متاثرہ افراد کی داد رسی کی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ کا جو آئینی رول ہے وہی ادا کریں، اپنے قیمتی مشورے اپنی جماعت کو دیا کریں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے، گورنر صاحب آپ نمائشی دورے کرکے اپنے فوٹو سیشن کے صرف شوق پورے کیا کریں۔