پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ہماری قوم کا مستقبل ہیں،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

اتوار 27 جولائی 2025 15:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور کے امتحان ثانوی فرسٹ اینول 2025ء کے نتائج میں پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب ہونے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور انہی سے ہماری امیدیں وابستہ ہیں کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔

انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم انسان کے کردار کو سنوارتی ہے اور زندگی میں آگے بڑھنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لئے بے حد ضروری ہے۔بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کرام بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی محنت کی بدولت آج وہ اس مقام پر پہنچے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جو طلبہ وطالبات ناکام ہوئے یا کسی وجہ سے ان کے مارکس کم آئے انہیں گھبرانے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں وہ دوبارہ محنت کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں سے بھی آگے نکل سکتے ہیں،اس کے لئے محنت شرط ہے۔

انھوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف علم کے حصول کا ذریعہ ہے بلکہ یہ انسان کو اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ کرتی ہے،اس میں تنقیدی سوچ پیدا کرتی ہے اور اسے بہتر زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔تعلیم انسان کو بہتر اخلاق،آداب اور تہذیب سے آراستہ کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :