نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کی رسومات کی دین اسلام سختی سے مخالفت کرتا ہے‘ علامہ منیر احمد وقار

دین ا سلام نے عزت اور ذلت کا معیار تقویٰ کو قرار دیا ‘ مرکزی رہنما قرآن و سنہ موومنٹ کا بیان

اتوار 27 جولائی 2025 15:50

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)قرآن وسنہ موومنٹ کے مرکزی رہنما علامہ منیر احمد وقار نے کہا ہے کہ نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کی رسومات کی دین اسلام سختی سے مخالفت کرتا ہے ،ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ،لوگ اسلامی غیرت اورجاہلانہ حمیت میں فرق نہیں کرپاتے ،اسلامی غیر ت کا مفہوم یہ ہے کہ مسلمان اپنے اہل وعیال بہن بھائیوں کو بے حیائی اور گناہ سے بچائے ان کی اچھی تربیت کرئے انہیں پردے ،حیاکا درس دے ،لیکن آج خود ہی قاضی اورجلاد بن کر کسی کی جان لے اس کی اسلام میں سخت ممانعت ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دین ا سلام نے عزت اور ذلت کا معیار تقویٰ کو قرار دیا ،خاندان نسب یا قبائلی روایات کو نہیں کسی ایک فرد کے گناہ کا بوجھ پورے خاندان پر ڈال کر اس دھبے کو خون سے دھونے کی کوشش خالصتاًزمانہ جاہلیت کی رسم ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جبری نکاح اسلامی روح کے منافی ہے ،اعداد وشمارکے مطابق 2024میں گیارہ ماہ کے دوران 392افراد نام نہاد غیر ت کے نام پر قتل ہوئے ،نکاح ایک معاہد ہ ہے ،اسلام کسی بھی جبری معاہدے کی اجازت نہیں دیتا ،علمائے اکرام کو چاہیے کہ قوم کو اسلامی تعلیمات اور اسلامی نظام زندگی کے متعلق آگاہی دیں تاکہ معاشرے میں ناحق قتل وغارت کی روک تھام ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :