Live Updates

پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکسز عوام کے لئے وبال جان بن چکے ہیں‘ جاوید قصوری

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:55

پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکسز عوام کے لئے وبال جان بن چکے ہیں‘ جاوید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکسز عوام کے لئے وبال جان بن چکے ہیں ، ایک لیٹر پٹرول پر 94.89روپے کا ٹیکس قابل مذمت ہے ، حکومت اپنے ٹیکسز کو نصف کرکے عوام کو ا ریلیف فراہم کر سکتی ہے ، اس سے معیشت اپنے پاوں پر ایک مرتبہ پھر سے کھڑی ہو جائے گی اور صنعتی جام پہہ چلنے لگے گا ۔

ملک کے اندر 6ہزار سے زائد بڑے یونٹس ایسے ہیں جو اپنی لاگت کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں،لاکھوں مزدور بے روزگار اور ان کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے جبکہ رہی سہی کسر سیلاب نے پوری کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں 30فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے ، عوام کو گرانفروش اور نا جائز منافع خور دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ۔

حکومتی چیک اینڈ بیلنس قائم رکھنے اور عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے تمام دعوے محض سیاسی بیانات تک محدود ہیں۔ لوگ عملاً تباہ حال ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ہر ایک سیلاب متاثرہ کی ایک ایک پائی کا ازالہ کرے اور آئندہ سیلاب کی روک تھام کے لئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور معاشی استحاکام کے لئے اداروں کے درمیان خود اعتمادی کی فضا ء قائم کرنا ہوگا ، آپسی چپقلش ملک و قوم کے لئے ٹھیک نہیں ۔

حالات تیزی کے ساتھ خراب ہو رہے ہیں ۔ دشمن قوتیں اندورنی انتشار اور افراتفری کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔ ملکی سرحدوں پر روازنہ حملے ہو رہے ہیں ، بھارت ظاہری جنگ نہ جیت سکا تو اس نے دہشت گردی کا راستہ اختیار کر لیا ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات