مبینہ جبری گم کئے گئے امتیاز میرانی کی بازیابی اور میرانی برادری کے گھروں پر پولیس کے مسلسل چھاپوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اتوار 27 جولائی 2025 22:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)حیدرآباد سے مبینہ جبری گم کئے گئے امتیاز میرانی کی بازیابی اور میرانی برادری کے گھروں پر پولیس کے مسلسل چھاپوں اور دیگر افراد کی گرفتاری کے خلاف حیدرآباد پریس کلب پر مختار میرانی، شاہ جہان میرانی، سنسار، لطیف ملاح، لالا قربان سوڈھڑو اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے کہا کہ پرامن سیاسی کارکن امتیاز میرانی کو بلاجواز گم کر دیا گیا ہے جسے ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس نے کافی عرصے سے میرانی برادری کے خلاف ایک پراسرار کریک ڈان شروع کر رکھا ہے۔ پولیس بغیر کسی وجہ کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتی ہے اور ہمارے اہل خانہ کو گرفتار کر کے غائب کر دیتی ہے، بعد میں انہیں جعلی دہشت گردی کے کیسوں میں شامل کر دیا جاتا ہے، جو کہ سراسر غیر قانونی، غیر انسانی اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اسے آئین اور قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ امتیاز میرانی کی جبری گمشدگی کا نوٹس لیں اور ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔