لیاہ گٹیریز ایشیائی ترقیاتی بینک کے وسطی و مغربی ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل مقرر

پیر 28 جولائی 2025 12:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے لیاہ گٹیریز کو وسطی و مغربی ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔ اے ڈی بی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لیاہ گٹیریز بینک کے اسٹریٹجک ایجنڈے کی قیادت کریں گی اور 11 ممالک جن میں افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، جارجیا، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، تاجکستان، ترکیہ ، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں، کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھائیں گی ،ان کی تقرری کا اطلاق پیر سے ہو گیا ہے۔

اپنے بیان میں لیاہ گٹیریز نے کہا کہ مجھے اس عہدے پر خدمات انجام دینے پر فخر ہے، میں ترقی پذیر رکن ممالک اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ شمولیتی ترقی، علاقائی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھوں گی۔

(جاری ہے)

لیاہ گٹیریز کو 40 سال سے زائد پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے ،اپنی نئی تقرری سے قبل وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے سیکٹرز ڈیپارٹمنٹ 3 کی ڈائریکٹر جنرل تھیں جہاں وہ فنانس، انسانی و سماجی ترقی اور پبلک سیکٹر گورننس کے آپریشنز کی نگرانی کر رہی تھیں۔

وہ اے ڈی بی کے پیسفک ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکی ہیں اور انہوں نے اسٹریٹیجی، پالیسی اور پارٹنرشپس ڈیپارٹمنٹ، ساؤتھ ایسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ اور آفس آف دی سیکریٹری میں بھی اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔لیاہ گٹیریز کا تعلق فلپائن سے ہے، انہوں نے یونیورسٹی آف پنسلوانیا (امریکا ) سے اکنامکس میں پی ایچ ڈی اور ماسٹرز جبکہ یونیورسٹی آف دی فلپائنز سے بزنس اکنامکس میں بیچلرز ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔