لاہور، موٹر سائیکل سوار ملزمان کی موبائل چھیننے کی کوشش، مزاحمت پر خاتون کوگولی مارکرزخمی کر دیا

گولی خاتون کے بازو پر لگی جسے فوری طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 جولائی 2025 12:31

لاہور، موٹر سائیکل سوار ملزمان کی موبائل چھیننے کی کوشش، مزاحمت پر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے خاتون کی موبائل چھیننے کی کوشش،مزاحمت پر گولی مارکرخاتون کوزخمی کر دیا،گولی خاتون کے بازو پر لگی جسے فوری طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ترجمان پولیس کے مطابق ساجدہ نامی خاتون کوگھر کے باہر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے زخمی کیا۔

موٹرسائیکل سوار ملزمان نے خاتون سے موبائل چھیننے کی کوشش کی جس پرخاتون کی طرف سے مزاحمت کی گئی اسی ثناء میں ملزمان نے گولی چلا دی اور فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسری جانب لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں معمولی جھگڑے پر نوجوان کو قتل کر دیاگیا۔

(جاری ہے)

28 سالہ احمد کو محلے دار نے لڑائی جھگڑے کے دوران طیش میں آکر گولی ماری دی۔

سینہ پر لگنے والی گولی نوجوان کی موت کا سبب بن گئی۔نوجوان کو طبی امداد کیلئے فوری طور پرمیو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکا۔پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے سکیم 33 میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کے بعد 20 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیاتھا۔

20 سالہ موسیٰ وسیع اللہ کو عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں مزاحمت پر گولی مار کر قتل کیا گیاتھا۔سچل تھانے کے انویسٹی گیشن افسر گل بہار رند نے میڈیا کوبتایا تھا کہ مقتول نئی موٹرسائیکل پر سوار تھا کہ مسلح افراد نے اسے روکا اور اسلحہ دکھا کر موٹر سائیکل چھین لی تھی۔ان کاکہناتھاکہ ڈاکوؤں نے فرار ہونے سے قبل نوجوان کا موبائل فون مانگا تھا اسی اثنا میں نوجوان نے ایک ڈاکو کو قابو میں کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھی نے گولی چلا دی جو سینے میں لگی تھی جس سے موسیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈاکو موٹر سائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہو گئے تھے۔

پولیس کایہ بھی کہنا ہے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا تھا اورشواہد اکھٹے کرکے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔