طارق فضل چوہدری قرآن پر حلف دے کہ وہ فارم 47 پر نہیں جیتا، مفتاح اسماعیل کا چیلنج

ن لیگی سینیٹر اور ایم این اے نے الزامات لگائے جو بے بنیاد ہیں، یہ مجھ پر الزام اس لیے لگاتے ہیں کیونکہ میں سچ بولتا ہوں، جھوٹے الزامات پر طارق فضل چوہدری معافی مانگیں؛ سابق وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 جولائی 2025 16:06

طارق فضل چوہدری قرآن پر حلف دے کہ وہ فارم 47 پر نہیں جیتا، مفتاح اسماعیل ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی 2025ء ) عوام پاکستان پارٹی کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ن کے ایک سینیٹر اور ایک ایم این اے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے چیلنج کیا ہے کہ طارق فضل چوہدری قرآن پر حلف دے کہ وہ فارم 47 پر نہیں جیتا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ایک سینیٹر اور ایک رکن قومی اسمبلی نے مجھ پرجھوٹے الزامات لگائے، مجھ سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلیے کچھ نہیں لیاگیا، طارق فضل چوہدری کیا شکست نظر آنے پر ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں گیا؟ طارق فضل قرآن پر حلف دے کہ وہ فارم 47 پر نہیں جیتا، بے بنیاد الزامات لگانے پر طارق فضل چوہدری کو کہا ہے وہ معافی مانگیں یا عدالت میں سامنا کریں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت نے چینی مہنگی کرنے کیلئے جان بوجھ کر برآمد کی اجازت دی، اب جان بوجھ کر چینی درآمد کی اجازت دے رہے ہیں کیوں کہ نومبر تک درآمدی چینی آئے گی، تب چینی سستی ہو گی تو گنا سستا ہوگا، شوگر ملز پورے سال کا گنا سستا خریدیں گی یہ مصلحت ہے، شہباز شریف کے بیٹوں کی 2 شوگر ملز ہیں چینی کے فیصلے کرتے وقت کیا مفادات کا ٹکراؤ نہیں؟ تاریخ میں پہلی بار وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو شوگر ایڈوائزی بورڈ کا رکن بنانا ٹکراؤ نہیں؟ اسحاق ڈار نےچیئرمین بن کر چینی ایکسپورٹ کیوں کی؟ انوشے رحمان کی وزارت میں شوہر کو ڈائریکٹر بنانا مفادات کا ٹکراؤ نہیں؟۔

(جاری ہے)

عوام پاکستان پارٹی کے رہنماء نے الزام عائد کیا کہ آڈیٹر جنرل کی جو رپورٹ آئی اس کے مطابق آپ نے 244 روپے چوری کیے، جو اوور بلنگ کی ہے وہ آپ صارفین کو واپس کریں، حکومت کہہ رہی مفتاح اسماعیل گمراہ کر رہا ہے، کیا میں نے اوور بلنگ کی؟ جس نے کی اُسے پکڑو، ان کا یہ شوق اور صرف خیال ہے کی یہ مجھے سچ بولنے پر سزا دیں گے، معاملہ 2019ء کا ہے، اُس وقت میں جیل میں تھا، الزامات کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لایا جائے، یہ جھوٹ بول رہے ہیں کیونکہ میں ان کے بارے میں سچ بولتا ہوں، میں ان کے اس جھوٹ پر لعنت بھیجتا ہوں اور میں انہیں دیکھ لوں گا۔