فیصل آباد میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری قابل ستائش ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 28 جولائی 2025 18:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور مشائخ کو ایک مرتبہ پھر آن بورڈ لے کر بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے عاشورہ محرم کے دوران مثالی تعاون پر علماء کرام اور مشائخ عظام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے چہلم کے موقع پر بھی اتحاد و بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔دشمن اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) صاحبزادہ بلال عمر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) طیب سمیع بھی موجود تھے۔ سی پی او فیصل آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؓ کو چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور پولیس کسی شرپسند کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ممبرانِ امن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں بین المسالک ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔