سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کا ملتان کا دورہ ،کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی

پیر 28 جولائی 2025 19:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں ایگریکلچر فارم کا دورہ کیا اور کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان، نوید عصمت کاہلوں، ڈائریکٹر کاٹن سمیت بہاولپور، خانپور، وہاڑی، ساہیوال اور فیصل آباد کے زرعی افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری زراعت نے سائنسدانوں کو کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کا ٹاسک سونپا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ کپاس کی فیلڈ میں کارکردگی کے نتیجے میں اقسام کا سروے کیا جائے اور آئندہ سال بہتر کارکردگی والی اقسام کی کاشت کے بارے میں سفارشات دی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی سائنسدانوں کے ساتھ اشتراک سے اچھی اقسام کی دریافت کے لیے تحقیقی سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں۔

بعد ازاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں آم کے باغات کی بہتری کے لیے بھی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں آم کی پیداوار اور کوالٹی میں اضافے کے لیے سائنسدانوں کو خصوصی ٹاسک سونپے گئے۔ سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے ایگریکلچرل میکانائزیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور فارم میکانائزیشن کے لیے جدید مشینری و ایمری کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے ایمری کے لان میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔