ٹنڈو جام بزنس فورم کے وفد کی ایس ایس پی حیدرآباد سے ملاقات

پیر 28 جولائی 2025 21:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ٹنڈو جام بزنس فورم کے وفد نے صدر پپو راجپوت اور سرپرست اعلیٰ آصف رضا کھوسو کی قیادت میں ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹنڈو جام کے تاجروں کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال اور پولیس کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر بزنس فورم پپو راجپوت نے ایس ایس پی حیدرآباد کو ٹنڈو جام میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور علاقے میں پولیس کی بہتر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو جام حیدرآباد کا ایک اہم اور گنجان آباد علاقہ ہے، جہاں کی تاجر برادری کا کردار معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹنڈو جام میں امن و امان کے قیام کے لیے قابل اور فرض شناس افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ حالیہ وارداتوں میں ملوث بیشتر ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی مفرور افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ایس ایس پی نے وفد کی تجاویز اور مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ان پر ممکنہ حد تک فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان بہتر روابط سے ہی پائیدار امن ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :