سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں چند ماہ کے اندر6 ارب روپے کی لاگت سے جدید نئی مشینری خرید کردی جارہی ہے، فیصل ایوب کھوکھر

یہ ادارہ مزدوروں کے پیسوں سے چل رہا ہے سوشل سکیورٹی ہسپتال شیخوپورہ کو 100 بیڈ کی سہولیات جلد دی جائیں گی، صوبائی وزیرلیبروسپورٹس

پیر 29 ستمبر 2025 14:05

سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں چند ماہ کے اندر6 ارب روپے کی لاگت سے جدید ..
مانانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر لیبر و سپورٹس فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں چند ماہ کے اندر 6ارب روپے کی لاگت سے جدید نئی مشینری خرید کر دی جارہی ہے جس سے صنعتی مزدوروں کے علاج معالجہ میں بہتری آئے گی سوشل سکیورٹی کو حکومت پنجاب فنڈ نہیں دیتی بلکہ یہ ادارہ مزدوروں کے پیسوں سے چل رہا ہے سوشل سکیورٹی ہسپتال شیخوپورہ کو 100بیڈ کی سہولیات جلد دی جائیں گی یہاں نئے بلاک تعمیر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید مشینری ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال شیخوپورہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری لیبر نعیم غوث،کمشنر سوشل سکیورٹی پنجاب محمد علی،میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرابزدار،مسلم لیگ ن لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ،ن لیگ کے رہنما سید سجاد حسین شاہ،ایم ایس ڈاکٹر مدثر اقبال اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ لاہور کی نسبت دیگر اضلاع و قصبات میں سوشل سکیورٹی میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خصوصی پیکج دیئے جائیں گے تاکہ دل جمی کے ساتھ مریضوں کی خدمت کرسکے انہوں نے کہاکہ جب تک ڈاکٹرکو بہتر سہولیات نہیں دی جاتی وہ کس طرح خوش دلی سے مریض کو دیکھے گا ، نئی مشینری علاقائی ہسپتالوں میں فراہم کی جائے گی تاکہ لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ کم ہوسکے اور مریضوں کو مقامی سطح پر بہتر سہولیات مل سکے ، انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں سہولیات کم ہے جن کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ، ن لیگ کی حکومت نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیے ہیں شیخوپورہ میں مزید لیبر کالونی بھی بنائی جائیں گی ، انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی میں عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر آسامیوں پر بھی جلد تقرریاں کی جائے گی ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پنجاب میں نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان مہیا کیے جارہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔