کراچی،گھر کی دہلیز پر بچوں کے سامنے باپ کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا

پیر 29 ستمبر 2025 14:41

کراچی،گھر کی دہلیز پر بچوں کے سامنے باپ کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)اورنگی ٹائون میں گھر کی دہلیز پر بچوں کے سامنے باپ کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اورنگی ٹائون کے علاقے نشانِ حیدر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 35سالہ محمد سجاد کو گھر کی دہلیز پر بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

مقتول فیصل آباد کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا جو تین روز قبل کراچی اپنے سسرال آیا تھا۔ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ مقتول کے سسر کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر داماد سیموبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور موبائل نہ دینے اورداماد کیمزاحمت کرنیپرملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ سجاد بچوں کے ساتھ گھر کے دروازے پر کھڑا تھا، ایک بچہ اس کی گود میں تھا جبکہ دوسرا ساتھ ہی موجود تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے، پیچھے بیٹھا حملہ آور موٹر سائیکل سے اترا، مقتول کو دھکا دیا اور انتہائی قریب سے سینے پر گولی مار دی، گولی لگنے کے بعد سجاد موقع پر گر پڑا جبکہ بچہ خوفزدہ ہوکر گھر کے اندر بھاگ گیا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے ملزم کا چہرہ واضح ہے اور شناخت کے بعد گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ لواحقین مقتول کی میت فیصل آباد لے گئے۔پولیس کے مطابق رواں سال کراچی میں ڈکیتی کے دوران ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔