باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ

16 علاقوں میں تین روز کے لیے کرفیو کے نفاذ کا اعلان، عوام کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 10:27

باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقہ باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے تحصیل لوئی ماموند کے 16 علاقوں میں تین روز کے لیے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے، عسکریت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی 29 سے 31 جولائی تک کی جائے گی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے عوام کو گھروں سے نہ نکلے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے علاقے نورڑ میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کنارے آئی ای ڈی بم نصب کرنے کی کوشش کو پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنة الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سڑک پر بم نصب کرنے کی کوشش کی، تاہم فوری اطلاع ملتے ہی پولیس اور فورسز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کا گھیراو کر لیا، کارروائی کے دوران پولیس نے ڈرون کے ذریعے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس سے ان کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے، دہشت گردوں کو جانی نقصان پہنچا اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت الرٹ ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی سے ممکنہ بڑا سانحہ ٹل گیا اور علاقہ ایک بڑے خطرے سے محفوظ رہا۔